Ads Top

عمران خان کی تیسری خفیہ شادی ؟

Views: 159 Share it Share it

رپورٹ: عمر چیمہ، دی نیوز

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بارپھر خفیہ شادی کرلی ‘اس بار ان کی دلہن وہ خاتون ہے جن کے پاس وہ روحانی رہنمائی کے لئے جایاکرتے تھے ۔ دی نیوزکو پتہ چلاہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے یکم جنوری کی شب لاہورمیں خاتون سے شادی کرکے سال نوکا آغازکیااور وہاں سے اگلے روز سیدھے اسلام آبادمیں انسداددہشت گردی کی عدالت پہنچے جہاں سے انہیں ضمانت مل گئی ۔

عمران خان کا نکاح پی ٹی آئی کورکمیٹی کے رکن مفتی سعید نے پڑھایا ، 8جنوری 2015ء ،میں ریحام خان سے شادی کے موقع پر ان کے نکاح خواں مفتی سعید ہی تھے ۔اگرچہ عون چوہدری اور نعیم الحق نے کپتان کی شادی کی خبروں کی تردید کی ہےمگرجب دی نیوزنے مفتی سعید سے رابطہ کیا توانہوں نے خبر کی تصدیق کی نہ ہی تردید۔

پی ٹی آئی چیف کے پولیٹیکل سیکریٹری عون چوہدری نے اس نمائندے سے گفتگو میں شادی کی رپورٹس کی دوٹوک الفاظ میں تردیدکی ‘انہوں نے اس بات سے بھی انکار کیا کہ کوئی نکاح ہواہے ۔ان کا کہنا تھاکہ وہ ہروقت خان صاحب کے ساتھ رہتے ہیں ‘ مذکورہ تاریخوں میں ہم لاہور گئے ہی نہیں ‘دی نیوز نے متعدد ذرائع سے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نکاح کی تقریب میں عون چوہدری موجود تھے ۔ریحام سے شادی کے موقع پر بھی وہ عمران خان کے گواہ تھے ۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے ترجمان نعیم الحق نے بھی شادی کی بات کو ردکردیا ۔ان کا کہناتھاکہ عمران خان سے ذاتی شناسائی اور 35 سالہ رفاقت کے پیش نظرمیں یہ بات پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتاہوں کہ ایساکچھ ہواہی نہیں ہے۔وہ اگر شادی کریں گے بھی تو 2018ء میں عام انتخابات کے بعد کریں گے ۔تاہم مفتی سعید شادی کی تردیدکے حوالے سے تذبذب کا شکار نظر آئے ۔

دی نیوزنے حقیقت جاننے کیلئے جمعرات کی شب ان سے رابطہ کیا۔مفتی سعید نے معذرت کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس معاملے پر کچھ نہیں کہیں گے ۔عمران خان اور ریحام کی شادی کے موقع پراس نمائندے کے رابطہ کرنے پر بھی مفتی سعید نے یہی جملہ دہرایاتھا۔اس نمائندے نے مفتی سعید سے جمعہ کی صبح جب دوبارہ رابطہ کیاتو انہوں نے اپنا وہی مؤقف دہرایا مگر جب ان سے تین بار یہ پوچھا گیاکہ کیاوہ یکم جنوری کو لاہورمیں عمران خان کا نکاح پڑھانے کی تردیدکرنا چاہیں گے توانہوں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔

نکاح کی تقریب ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے سیکٹر وائی(Y) میں دلہن کے قریبی دوست کے گھر میں منعقد ہوئی ۔یہ پی ٹی آئی رہنماکے بھی قریبی دوست ہیں۔دلہن خودبھی گلبرگ 3میں رہائش پذیر ہیں ۔ خاتون نے اپنے سرکاری ملازم شوہرسے خلع کیلئے چند ماہ قبل درخواست دائرکی تھی ‘ان کے سابقہ شوہر نے بھی علیحدگی کی تصدیق کر دی ہے، ان کے مطابق یہ فیصلہ روحانی وجوہات کی بناء پر کیا گیا تاہم انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ ان کہ سابقہ اہلیہ نے عمران خان سے شادی کرلی ہے۔ عمران خان کا اس خاتون سے چند برس قبل روحانی رہنمائی کیلئے رابطہ ہوا تھا اور جوبالآخرشادی کی صورت میں اختتام پذیرہوا۔


Home Ads